وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ یہ مکمل احتجاج ہوگا اور پورے پاکستان کو بلاک کریں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آزاد عدلیہ پر حملہ ہوا ہے، غیر قانونی آئینی ترامیم کے خلاف ہم آواز اٹھائیں گے، یہ اپنی مرضی کے ججز تعینات کر کے مرضی کے فیصلے کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ مبارک زیب کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ میرا ٹھیک تھا، مبارک زیب نے بانی پی ٹی آئی کی تصویر لگا کر پارٹی کے ساتھ غداری کی، احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھیلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ باجوڑ کے لوگوں کو بتا رہا ہوں کہ مبارک زیب نے آپ کا ووٹ نہیں آپ کا حق بیچا، پوری کوشش ہے کہ پولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جنہوں نے بانی پی ٹی آئی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ان کو پارٹی سے نکالیں گے، ووٹ بیچنے والوں کے نام سامنے آئے ہیں، آج شوکاز جاری کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو غدار ہے اس کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، اس دفعہ ایک اور احتجاج کا پلان بنا رہے ہیں، احتجاج پورے ملک میں ہوگا، ہمارے ورکرز متحد ہیں، میں احتجاج کی قیادت کروں گا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پُرامن رہنا ہے سیاسی تحریک ہے سیاسی طریقے سے چلے گی، آنسو گیس اور ہر طرح کی فسطائیت کا مقابلہ کرنا آسان نہیں، پورے پاکستان کو بلاک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں دہشتگردی ختم ہوگئی تھی، جیسے ہی بانی پی ٹی آئی کو ہٹایا گیا حالات خراب ہوگئے، حتمی احتجاج کا پروگرام بنائیں گے پورے پاکستان میں احتجاج کریں گے، ہر جگہ سے لوگ نکلیں گے جہاں رکاوٹ آئے گی وہیں احتجاج کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ احتجاج کے لیے ہر طرف سے اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ میٹنگ ہونی ہے، احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک قابض حکومت سے جان نہیں چھڑا لیتے۔